کراچی: سوشل میڈیا شخصیت ساحل عدیم کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ساحل عدیم نے سندھی قوم کے لیے نازیبا الفاط استعمال کیے جس سے سندھی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔
ساحل عدیم کے خلاف مقدمہ کراچی سٹی کورٹ تھانے میں وکیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ساحل عدیم نے مقدمے کے بعد تعاون نہ کیا تو ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ 4 جولائی کو رکن سندھ اسمبلی ماروی فصیح نے ساحل عدیم کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروائی تھی۔
رکن سندھ اسمبلی ماروی فصیح کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ایوان نام نہاد موٹیویشنل اسپیکر ساحل عدیم کے اس ریمارکس کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ساحل عدیم کے تبصرے ہماری مذہبی، سماجی اور قانونی اقدار کی سخت خلاف ورزی ہیں، جس کی وجہ سے خواتین کو بڑے پیمانے پر تکلیف ہوئی ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ساحل عدیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔