کراچی(سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم نے اپنی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ایڈووکیٹ عالیہ زرین عباسی کے مطابق عماد وسیم کی سابق اہلیہ کی جانب سے عائد کیے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ میڈیکل ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ زبردستی حمل ضائع کرنے کا دعویٰ درست نہیں، اور اسی سلسلے میں ثانیہ اشفاق کو باضابطہ قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔
وکیل نے بتایا کہ نومبر 2023ء میں ورلڈ کپ میں شرکت کیلئےامریکا روانگی کا فیصلہ میاں بیوی کی باہمی رضا مندی سے کیا گیا تھا، جس کی تصدیق متعلقہ ڈاکٹرز بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نومبر 2023ء میں متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دوروں کا مکمل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عالیہ زرین عباسی نے کہا کہ نومبر 2024ء میں باہمی اختلافات کے باعث علیحدگی ہوئی اور اس وقت ثانیہ اشفاق حاملہ تھیں لہٰذا بچے کی پیدائش تک انتظار کیا گیا۔ اس دوران اخراجات عماد وسیم ہی نے برداشت کیے، جبکہ جولائی 2025ء میں بیٹے کی ولادت ہوئی اور تینوں بچوں کی ذمہ داریاں بھی عماد وسیم ہی ادا کر رہے ہیں۔

