کراچی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو کوڈ آف کنڈکٹ کی لیول ون خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق سہ فریقی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران آؤٹ قرار دیے جانے پر فخر زمان نے امپائر سے بحث کی، جسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فخر زمان نے اپنی غلطی تسلیم کرلی، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا کا 115 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ بابر اعظم کی 37 رنز کی اننگز جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کی 3،3 وکٹوں نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

