کراچی ایئر پورٹ دھماکا : 3 غیرملکی جان سے گئے، 17 افراد زخمی

کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 3 غیر ملکی شہری جان سے گئے، واقعے میں غیر ملکی شہری سمیت17 افراد زخمی ہوئے۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو حکام نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 3 غیر ملکیوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہااو کے نام سے ہوئی ہے، دھماکے کے 17زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں زور دار دھماکے کے بعد پاس ہی موجود دیگر گاڑیوں کو آگ لگنے سے زیادہ نقصان ہوا ہے، دھماکے سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں، فرانزک کی رپورٹ کے آنے تک کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے۔

جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، تحقیقات کرکے جلد تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے، دھماکے میں سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث متعدد گاڑیاں اس کی زد میں آئی ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا کہ اس واقعے کی تخریب کاری یا دہشت گردی کے عنصر سے متعلق بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں