کراچی دھماکا: خاتون سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کے الزام میں خاتون سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔کراچی میں جناح ٹرمینل کے قریب دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، جہاں ایک خاتون سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ میں چھ سے آٹھ نمبرز مشکوک قرار پائے ہیں۔ مشکوک نمبروں کے تمام کوائف چیک کیے جا رہے ہیں، دہشت گرد کو قریبی عمارت سے سپورٹ مل رہی تھی۔تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی انجینئرز کے بارے میں جنہیں معلومات تھیں انہیں بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب گزشتہ شب زوردار دھماکے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔تفتیشی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ شب ایئرپورٹ کے باہر غیر ملکیوں کے قافلے سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں چھوٹی کار استعمال کی گئی، کار سوار خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا۔

تفتیشی ذرائع نے کہا ہے کہ قافلہ پہنچتے ہی کار سوار نے اپنی گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا دی، کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔تفتیشی اداروں نے کراچی میں چینی باشندوں پر خود کش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی معلومات حاصل کرلیں۔ چیسس نمبر سے گاڑی کے مالک کا نادرا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا جبکہ حملہ آور کے زیر استعمال موبائل فونز سمز کا ڈیٹا بھی جمع کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں