کراچی : سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ڈینٹل کلینک سیل کرنے پر اہلیہ اور بیٹے نےعدالت سے رجوع کرلیا۔سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی ڈینٹل کلینک سیل کرنے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
سابق صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی اور ان کے بیٹے عواب علوی نے درخواست دائر کی، جس میں کہا کہ عارف علوی کو سیاسی بنیادوں پرہراساں کیاجارہا ہے، ڈینٹل کلینک طویل عرصے سے ہے،سیل کرنے سے پہلے نوٹس نہیں دیاگیا۔وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ایس بی سی اے نے سندھی مسلم سوسائٹی میں ڈینٹل کلینک سیل کیا، کلینک سیل کرنےکی وجہ سیاسی انتقام ہے۔
جس پر عدالت نے سندھ حکومت ،ایس بی سی اے،سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن و دیگرکونوٹس جاری کردیئے اور فریقین سے 7اکتوبرتک جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز کراچی میں سابق صدر کا ڈینٹل کلینک سیل کردیا گیا تھا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رہائشی بنگلے میں قائم کلینک کوسیل کیا، ان کا کلینک سندھی مسلم سوسائٹی میں ہے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدرراجہ اظہر کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کوآج نظرآیا کہ کلینک تجاوزات میں آتا ہے، عارف علوی کی سیاسی سرگرمیوں سے حکومت گھبرا گئی ہے، ایس بی سی اے کلینک کی غیرقانونی سیل کو فوری ختم کرے۔