23 جولائی کو کراچی کے علاقے ماڑی پور سے اغوا کیے گئے معروف صنعتکار ذوالفقار احمد کا لاہور میں اپنی فیملی سے رابطہ ہوگیا، وہ اپنے گھر پہنچ گئے۔
ذوالفقار احمد کو 23 جولائی کو ماڑی پور روڈ سے نامعلوم افراد زبردستی لے گئے تھے، ان کے اغوا کا مقدمہ 26 جولائی کو کلری تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بھی ذوالفقار احمد کے اہل خانہ سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فیملی سے بات ہوئی ہے انھوں نے ذوالفقار احمد سے رابطے کی تصدیق کی ہے۔
وکیل میاں علی اشفاق کے مطابق ذوالفقار احمد جلد ہی اپنی فیملی کے پاس ہوں گے، ان کی اہل خانہ سے بات ہو گئی ہے۔
اس سے قبل وکیل میاں اشفاق نے گفتگو کرتے ہوئے پولیس پر تاجر کی تلاش میں تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے تحقیقاتی ٹیم بھی ہائی کورٹ میں درخواست دینے کے بعد تشکیل دی۔
میاں اشفاق نے کہا تھا کہ انہیں یہ کیس اغوا کا نہیں بلکہ جبری گمشدگی کا لگتا ہے۔