کراچی میں صوبائی حکومت کا تمام نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا اعلان

کراچی (بیورورپورٹ) سندھ حکومت نے شدید بارش کے باعث کراچی میں تمام نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صورتحال کے پیش نظر کل تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی انتظامیہ، میئر کراچی اور مقامی حکومتوں کے نمائندے سڑکوں پر موجود ہیں۔ نکاسی کا قدرتی نظام ہی بارش کے پانی کو نکالنے کا واحد طریقہ ہے، شہر کے تمام نالے چل رہے ہیں جبکہ مشینری بھی فعال ہے اور پانی نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ نالوں کی صفائی کا عمل پہلے ہی مکمل ہوچکا تھا، تاہم چونکہ کم وقت میں زیادہ بارش ہوگئی ہے اس لیے پانی کی نکاسی میں وقت لگے گا۔ ان کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہیں چند گھنٹوں میں کلیئر ہوجائیں گی۔

انہوں نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے بدھ کو نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں