کراچی(بیورورپورٹ)پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال ہو گئے، بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان کی پہلی پرواز ڈھاکا سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔ آمد پر طیارے کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا اور خصوصی انتظامات کیے گئے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، بنگلادیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین اور ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کراچی پہنچنے والے مسافروں کو خوش آمدید کہا جبکہ تقریب کے دوران کیک بھی کاٹا گیا۔
حکام کے مطابق ڈھاکا اور کراچی کے درمیان پرواز کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے رہا۔ ابتدائی مرحلے میں ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی جو جمعرات اور ہفتہ کو آپریٹ ہوں گی۔

