کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کا پی ایس ایل میں سفر تمام کردیا

لاہور : کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل کے اہم میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کردیا۔ گزشتہ پانچ سیزن میں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی ملتان ٹیم کیلۓ رواں سیزن نہایت مایوس کن رہا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں جمعرات کی دوپہر کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے بیسویں میچ میں ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

یہ کراچی کی چوتھی فتح ہے جبکہ ملتان کو آٹھ میں سے ساتویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 204 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر (13 گیندوں پر 30 رنز) اور ٹِم سیفرٹ (22) کی 23 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار شراکت سے ہوا۔ اگرچہ دونوں جلد آؤٹ ہو گئے، لیکن جیمز وِنس اور محمد عرفان خان نے چوتھی وکٹ پر 78 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔

عرفان نے 33 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جبکہ ونس آخر تک ناقابلِ شکست رہے، انہوں نے 45 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر 33 رنز کی تباہ کن اننگز کھیل کر سکور کو 200 کے پار پہنچایا۔ خوشدل نے تین چھکے اور دو چوکے جڑے، اور ونس کے ساتھ آخری پانچ اوورز میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔ سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں مگر 49 رنز بھی دے بیٹھے۔ جواب میں ملتان سلطانز کا آغاز ہی ابتری کا شکار رہا۔

دوسرے اوور میں عباس آفریدی نے کپتان محمد رضوان کو چلتا کیا، اور جلد ہی عثمان خان اور یاسر خان بھی پویلین لوٹ گئے۔ یاسر نے 17 گیندوں پر 26 رنز میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے۔ چار اوورز میں ہی 34 پر ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں کا نقصان ہو چکا تھا۔ کنگز کے سپنرز خوشدل شاہ (26 پر 2وکٹ) اور محمد نبی (14 پر 3 وکٹ) نے ایک طرف سے دباؤ ڈالا تو دوسری طرف میر حمزہ (15 پر 2 وکٹ)، عامر جمال (14 پر 1وکٹ) اور عباس آفریدی (31 پر 1 وکٹ) پیسرز میں نمایاں رہے۔ سلطانز کی پوری ٹیم 16.1 اوورز میں صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ صرف کامران غلام (29) اور یاسر 20 رنز کی حد عبور کر سکے۔ کراچی کنگز نے 2025 کے سیزن میں دوسری بار ملتان کے خلاف 200 سے زائد رنز سکور کیے۔ میچ کے بہترین کھلاڑی جیمز ونس قرار پائے.

اپنا تبصرہ لکھیں