کسی سے زیادتی نہیں کی، ایران کسی کی جارحیت کو قبول نہیں کریگا: آیت اللّٰہ خامنہ ای

تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، پریس ٹی وی، الجزیرہ)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی، اور کسی کی زیادتی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ”ہم کسی کی زیادتی کے آگے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے۔ یہ ایرانی قوم کی منطق ہے کہ نہ خود ظلم کرے اور نہ کسی کا ظلم برداشت کرے۔”

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب ایران نے امریکی حملوں کے ردعمل میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں واقع امریکی فوجی اڈے العدید کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق”یہ حملہ ایرانی قوم کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے حق کے تحت کیا گیا، اور اسے ’بشارتِ فتح‘ آپریشن کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔”

قطر نے موقف دیتے ہوئے کہا میزائل حملہ ناکام، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.دوسری جانب قطری وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ”اللہ کے فضل، سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشگی احتیاطی اقدامات کے نتیجے میں العدید ایئر بیس پر ہونے والے ایرانی حملے کو فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔”

قطری حکام نے مزید کہا کہ”ایئر بیس کو نشانہ بنانے والے بیشتر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔”ایرانی قیادت کے مطابق حملے کا مقصد قطر کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ امریکی افواج کو خبردار کرنا تھا، جو ایران کی خودمختاری پر حملہ آور ہوئی تھیں۔ سپریم لیڈر کے اس تازہ بیان سے ایران کی مزید جارحانہ پالیسی کے امکانات پر بھی عالمی مبصرین نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

ایران کے مطابق یہ کارروائی دفاعی نوعیت کی تھی، جبکہ علاقائی طاقتیں اور خلیجی ریاستیں اس تناؤ کو خطے میں کشیدگی کے نئے دور کا پیش خیمہ قرار دے رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں