کسی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے شادی نہیں کرونگا:اذان سمیع خان

کراچی (شوبز رپورٹر) معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے کہا ہے کہ ان کی کوئی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ کسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے شادی کریں گے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اذان سمیع خان نے اپنی ذاتی زندگی، محبت، شادی اور کیریئر سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پسندیدہ بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ہیں، جب وہ چھوٹے تھے تو انہوں نے ان کی فلم اوم شانتی اوم دیکھی تھی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہیں رانی مکھرجی اور پریٹی زنٹا بھی پسند ہیں، جنہوں نے فلم چوری چوری، چپکے چپکے میں شاندار کردار ادا کیا۔

ایک سوال کے جواب میں اذان سمیع خان نے بتایا کہ وہ اس وقت سنگل ہیں اور کسی کو تلاش نہیں کر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ دو بچوں کے والد ہیں اور چھ سال تک شادی جیسے رشتے میں رہے، تاہم اس وقت ان کا دوبارہ شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ “میری کوئی ضرورت نہیں اور نہ میں کسی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے شادی کرنے جا رہا ہوں۔”ان کے مطابق، اب وہ عمر کے ایسے مرحلے میں ہیں جہاں “پہلے جیسی محبت” ممکن نہیں رہی، اور ان کی تمام توجہ اس وقت کیریئر پر ہے۔

اذان سمیع خان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ شادی کے بعد کیریئر پر وہ پہلے جیسی توجہ نہیں دے پائیں گے، اس لیے فی الحال وہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر فوکس رکھے ہوئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں سچی اور مخلص خاتون سے شادی کرنا چاہتے ہیں، لیکن فی الحال اس کی کوئی فوری منصوبہ بندی نہیں۔

“بعض ضرورتوں کو پورا کرنے میں توانائی ضائع ہوتی ہے، اور اس وقت میرے پاس اتنی توانائی نہیں ہے۔” شائقینِ موسیقی اور مداحوں کی بڑی تعداد نے اذان سمیع خان کے اس کھلے اور بے ساختہ انداز کو سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں