امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریری معاہدہ کیا ہے، اب پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
پشاور میں جلسے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کسی کے اشارے پر نہیں چلتے، حق دینا ہوگا یا پھر حکومت کا تختہ گرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا کوئی دوسرا آپشن نہیں، حکومت نے تحریری معاہدہ کیا ہے اب پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ اور تیل کی قیمتوں سے پریشان ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پچھلے دھرنوں کی طرح یہ ناکام دھرنا تھا تو یہ ان کی بھول ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کی حکمت اور تدبر تھا کہ ڈی چوک نہیں گئے، کنٹینر ہٹادیا تھا لیکن نظم ضبط کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ شرکاء میں رکاوٹوں کو عبور کرنے اور آگے بڑھنے کی ہمت تھی، جب قیادت کی جانب سے حکم آیا توکارکنان وہیں رک گئے۔