میڈرڈ : غیر قانونی طریقے سے اسپین جانے کی کوشش کرنے والے 4 پاکستانی کشتی میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان کا تعلق پاکستان کے شہر وزیرآباد کی جناح کالونی سے ہے۔
چاروں نوجوانوں کی ہلاکت دم گھٹنے سے ہوئیں، کشتی موریطانیہ سے اسپین جا رہی تھی۔ حادثے میں جاں بحق وزیر آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان ابوھریرہ کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔
مذکورہ نوجوان کشتی کے سامان میں چھپ کر غیرقانونی طریقے سے اسپین جانے کی کوشش کررہے تھے۔ابوہریرہ نامی نوجوان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوہریرہ ایک ماہ قبل پاکستان سے بہتر مستقبل کی تلاش میں روانہ ہوا تھا۔
متوفی ابوہریرہ کے بھائی نے بتایا کہ اس کو عثمان نامی ایجنٹ نے کشتی میں سوار کرایا تھا، جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس یونان کشتی حادثہ میں بھی وزیرآباد سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔