کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،نائیک یاسر خان شہید، 7 خوارج ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان(نامہ نگار)سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے دوران پاک فوج کے نائیک یاسر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔