کنگنا رناوت کا سابق بوائے فرینڈ بھی ان کے حق میں بول پڑا

بھارتی سیاستدان اور بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ گزشتہ دنوں پیش آنیوالے واقعے نے فلم انڈسٹری کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

چندی گڑھ ایئرپورٹ پر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی لیڈی کانسٹیبل نے کنگنا رناوت کو تھپڑ مارا تھا جس کے بعد اس کانسٹیبل کو معطل کرکے مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد کنگنا رناوت کے ساتھیوں کی جانب سے ان کے حق میں آواز اٹھائی جارہی ہے، اب ان کے سابق بوائے فرینڈ اور اداکار آدھیان ثمن کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔

اداکار آدھیان ثمن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کنگنا رناوت کے ساتھ پیش آنیوالے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

کنگنا رناوت کے سابق بوائے فرینڈ اور اداکار آدھیان ثمن نے اپنے والد شیکھر ثمن کی جانب سے کنگنا رناوت کیلئے آواز اٹھانے کے بعد واقعے پر ردعمل دیا۔

شیکھر ثمن کا ایک ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو بھی ہوا ہے وہ بہت غلط ہوا ہے ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے اور کسی کو بھی یہ سب کرنے کا حق حاصل نہیں ہے، اس خاتون نے جو کیا ہے وہ بالکل غیر قانونی کام ہے۔ جس پر اسے سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں وہ خاتون اور دوسرے لوگ کنگنا سے ضرور ناراض ہوں گے اور ان کے ذہنوں میں اس حوالے سے کچھ چل بھی رہا ہوگا مگر اس کا اظہار اس طرح کرنا بالکل غلط طریقہ ہے، انہیں مناسب طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہیے تھا۔

اس کے بعد آدھیان ثمن سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں، ایسا بالکل بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں