“کنگ چارلس ایوارڈ”اشرف خان لودھی کی صحافتی خدمات کااعتراف ہے:اقراخالد

اونٹاریو(عرفان ملک بابا سے) ممبرپارلیمنٹ اقراخالدنے میڈلزدینے کی ایک خاص تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برطانوی بادشاہ، کنگ چارلس سوم کی تاجپوشی کے موقع پریادگاری میڈلز جاری کیے جاتے ہیں۔یہ میڈلزبادشاہ کے تخت نشین ہونے کے اس یادگار موقع کی ایک اہم پہچان ہیں اور ان افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جنہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں اور کمیونٹی کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے یہاں وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ یہ اعزاز ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے عوامی خدمت، فوجی خدمات، فلاحی کام، کاروباری میدان اور دیگر ایسے شعبوں میں غیر معمولی لگن اور خدمات کا مظاہرہ کیا جو معاشرے کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ناگزیر ہیں۔یہ میڈل نہ صرف تاریخی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے بلکہ خدمت، کامیابی، اور برطانوی بادشاہت کے تسلسل کی ایک پائیدار علامت بھی ہے۔

اونٹاریو لبرل پارٹی کی لیڈر کے طور پربونی کرومبی کا کیریئر عوامی خدمت کیلئے ان کی وابستگی کا ثبوت ہے۔اپنے سیاسی سفر کے دوران بونی کرومبی کو ہمیشہ کمیونٹی کی ترقی، اقتصادی خوشحالی، اور سماجی بہتری کا جذبہ محرک دیکھاہے۔ ان کا سیاسی کیریئر وفاق کی سیاست سے شروع ہوا، جب 2008 میں وہ مسی ساگا؍اسٹریٹس ویل سے ممبر آف پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔اوٹاوا میں اپنے وقت کے دوران، انہوں نے عوامی صحت، اقتصادی ترقی، اور ماحولیاتی پائیداری جیسے اہم امور کے حق میں آواز بلند کی۔

میں یہاں خاص طور پر آپ کوبتاناچاہونگی کہ صحافت کی دنیامیں جنگ نیوز کینیڈا ایک نہایت اہم مقام رکھتاہے۔ جو جنوبی ایشیائی کینیڈین ناظرین، خصوصاً پاکستانی، بھارتی، بنگلہ دیشی، اور افغانی نژاد کینیڈین شہریوں کیلئے خبریں فراہم کرتاہے۔مسٹراشرف خان نے ابتدائی تعلیم لاہور، پاکستان میں حاصل کی اور اپنے صحافتی کیریئر کا آغازروزنامہ جنگ لاہور سے کیا۔سالوں کے دوران وہ کئی نمایاں اخبارات سے وابستہ رہے جن میں دی نیوز، روزنامہ پاکستان، روزنامہ صداقت، روزنامہ مساوات، اور روزنامہ پاکستان ٹائمز شامل ہیں۔ان کے ممتاز کیریئر کے علاوہ اشرف خان نے صحافتی تنظیموں میں اہم عہدے بھی سنبھالے ۔انہوں نے پاکستان فیڈریشن یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے ایگزیکٹو ممبرکے طور پر خدمات انجام دیں۔وہ لاہور پریس کلب کے تاحیات رکن اور پاکستان اسپورٹس جرنلسٹ فیڈریشن کے تاحیات نائب صدر بھی ہیں۔صحافت میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’کنگ چارلس ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیاہے ، جو ان کے اخبار نویسی کے شعبے میں غیر معمولی کام کی پہچان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں