کنگ چارلس کی رہائش گاہ سے 2 گاڑیاں فلمی انداز میں چوری

ونڈزر : برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی رہائش گاہ ونڈسر کیسل سے دو گاڑیاں چوری کرلی گئیں، چور تیز رفتار گاڑی سے مرکزی دروازہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق چوروں نے گزشتہ ماہ ونڈسر کاسل کے قریب واقع اسٹیٹ کے ایک فارم میں گھس کر دو گاڑیاں چرا لیں، جس کی تصدیق تھیمز ویلی پولیس نے کردی ہے۔

مذکورہ واقعہ گزشتہ ماہ 13اکتوبر بروز اتوار کو رات 11:45 بجے پیش آیا تھا، تاہم اس کی مکمل تفصیلات اب سامنے لائی گئی ہیں۔ اس اسٹیٹ میں شاہی خاندان کی رہائش گاہیں بھی موجود ہیں۔

اطلاعات کے مطابق واقعے کے دوران کنگ چارلس اور پرنسز آف ویلز کوئن کمیلا ونڈسر کاسل میں موجود نہیں تھے، تاہم کینسنگٹن پیلس نے اس خبر پر کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا۔پرنس ولیم اور کیتھرین اپنے تین بچوں کے ساتھ ایڈیلیڈ کاٹیج میں رہائش پذیر ہیں جو ونڈزر کاسل سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔

برطانوی اخبار دی سن نے گزشتہ روز ایک رپورٹ میں بتایا کہ 2 چور ونڈسر کیسل کے ایک فارم کی باڑ کو پھلانگ کر باآسانی اندر داخل ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق تھیمز ویلی پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں نے فارم کی عمارت میں داخل ہو کر ایک بلیک ایسوزو پک اپ اور ایک ریڈ کواد بائیک چوری کی۔

واردات کے بعد چوروں نے چھ فٹ اونچی باڑ عبور کی اور ایک چوری شدہ گاڑی کے ذریعے مرکزی گیٹ توڑ کر پرانی ونڈزر/ڈیٹچیٹ علاقے کی طرف فرار ہو گئے۔گاڑی گیٹ سے ٹکرانے پر عملے کو چوری کی واردات کا علم ہوا تھا، پولیس کے مطابق اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ونڈسر کیسل میں کوئی غیر قانونی طور پر داخل ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی سیکیورٹی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ کرسمس 2021 کے روز جسوانت سنگھ چیل نامی مسلح ملزم کو ونڈزر کاسل کے احاطے میں گرفتار کیا گیا تھا جو اب نو سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں