کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 4 اہلکاروں سمیت 21 زخمی

کوئٹہ(نامہ نگار) ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے بتایا کہ حادثے میں مرنے والے 3 افراد اور 21 زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ زخمیوں میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں، ترجمان سول ہسپتال نے بتایا تھا کہ کہ کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے سے پولیس موبائل، ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔

حکومت بلوچستان نے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سرِ دست کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو رہا ہے، جبکہ جلی ہوئی پولیس وین کے ساتھ ایک موٹر سائیکل کا ملبہ جلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، اس کے ساتھ فریم میں تباہ سوزوکی آلٹو کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک شخص کو موٹرسائیکل کے جلتے ملبے کو گاڑی سے ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ پس منظر میں سائرن کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں