کوئی نئی جنگ نہیں، جاری جنگوں کا خاتمہ کروں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جاری جنگوں کو بھی ختم کروں گا۔

ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہوگئے۔ وہ 277 الیکٹورل ووٹ لے کر حریف امیدوار کاملا ہیرس پر بھارتی برتری سے کامیاب ہوئے ہیں۔

کامیابی کے بعد فلوریڈا میں کنونشن سینٹر میں اپنے حامیوں، پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز سے پہلے خطاب میں جیت پر سب سے پہلے امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ووٹ کے بغیر میری جیت ممکن نہیں تھی۔ بہترین انتخابی مہم چلائی، میری جیت امریکا کی سیاسی جیت ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایسی جیت کبھی نہیں دیکھی گئی۔ قوم نے تاریخ رقم کر دی اور یہ عوام کی کامیابی ہے۔ امریکا اب نئی بلندیوں پر جائے گا اور میرا اگلا دور امریکا کیلئے سنہرا دور ہوگا۔

نومنتخب صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کوئی نئی جنگ شروع نہیں کریں گے بلکہ دنیا میں جو جنگیں جاری ہیں، ان کو بھی ختم کروں گا۔ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنا کر دوبارہ عظیم ملک بناؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئےتیار ہیں۔ ہم امریکا کو محفوظ بنائیں گے اور اس کی سرحدوں کو سیل کریں گے۔ اب جو بھی یہاں آئے گا، وہ قانونی طریقے سے ہی آئے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر بڑا مینڈیٹ دیا۔ یہ تقسیم ختم کرنے اور متحد ہونے کا وقت ہے۔ ہم اپنے ملک کے زخم بھرنے جا رہے ہیں۔ ٹیکسوں میں کمی لا کر امریکی عوام کو ریلیف دینگے۔

نومنتخب صدر نے کہا کہ مجھے 315 الیکٹورل ووٹ جیتنے کی امید تھی تاہم عوام نے ہمیں ایک بار پھر غیر معمولی مینڈیٹ دیا ہے اور سوئنگ ریاستوں میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکی سینیٹ میں ہماری کامیابی غیر معمولی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ میں ںے تمام مشکلات کا مقابلہ کیا اور اب کامیابی کے بعد ایک ایسے نئے سفر کا آغاز کریں گے، جس میں امریکیوں کو بہت خوشیاں ملیں گے اور میں اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھوں گا جب تک آپ کے خواب پورے نہ کر لوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب دلوانے پر امریکی عوام کی خدمت کر کے اس کا صلہ دینگے اور عوام نے جو ذمہ داری ہے اسے سخت محنت سے نبھاؤں گا۔ امریکی عوام 4 سال کی تقسیم کو پیچھے چھوڑ کر میرا ساتھ دیں، میں کیے گئے وعدوں سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

اس سے قبل ٹرمپ کے برتری حاصل کرتے ہی فلوریڈا میں ری پبلکنز ہیڈکوارٹر پر جشن کا سماں پیدا ہوگیا اور ان کے حامی وہاں جمع ہونے شروع ہوگئے جب کہ ٹرمپ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کنونشن سینٹر پہنچے۔ اس سے قبل ان کے دیگر اہلخانہ وہاں پہنچ چکے تھے۔دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے جیت کا جشن منانا شروع کر دیا اور نعرے لگائے، اس کے بعد وائٹ ہاؤس کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں