کولمبو(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں 15 فروری کو شیڈول پاک بھارت میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کولمبو میں اتوار کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں بارش کا امکان 55 سے 60 فیصد تک ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 22 ڈگری رہنے کی توقع ہے، اور دن بھر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق دوپہر 1:30 بجے سے شام 6:30 بجے تک بارش کا امکان 55 سے 59 فیصد کے درمیان رہے گا، جو میچ کے مقررہ اوقات سے مطابقت رکھتا ہے۔ یہ اہم مقابلہ کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ٹورنامنٹ کے پوائنٹس سسٹم کے تحت اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا۔
سری لنکا کے غیر متوقع موسم نے اس بڑے مقابلے پر خدشات کے بادل منڈلا دیے ہیں۔ اس سے قبل بھی پاکستان کو وارم اپ میچز کے دوران موسم کی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ شائقین کی نظریں اب موسم کی صورتحال پر مرکوز ہیں تاکہ یہ ہائی وولٹیج ٹاکرا مکمل طور پر منعقد ہو سکے۔

