کولکتہ(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ سی میچ میں اٹلی کرکٹ ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 24 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 202 رنز بنائے۔ فل سالٹ نے 28، جیکب بیتھیل نے 23، بیٹن نے 30، سیم کرن نے 25، جیمی اوورٹن نے 15 اور ہیری بروک نے 14 رنز اسکور کیے، جبکہ اختتامی اوورز میں ول جیکس نے 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور 200 سے تجاوز کرایا۔
اٹلی کی جانب سے گرینٹ اسٹیورٹ اور کرشن کلوگماگے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین مینانٹی، جے جے اسمٹس اور علی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں اٹلی کا آغاز متاثرکن نہ تھا، تاہم جسٹن موسکا کے 43، گرینٹ اسٹیورٹ کے 45 اور گرینٹ مینانٹی کے برق رفتار 60 رنز نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
تاہم انگلینڈ نے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اٹلی کو آخری اوور میں 178 رنز پر آؤٹ کر دیا اور 24 رنز سے فتح سمیٹ لی۔انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر نے دو اور ول جیکس و عادل رشید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔شاندار بیٹنگ پر ول جیکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

