مقامی افراد کے مطابق کچرا چننے والے بچوں کے لائے گئے مائن کے پھٹنے سے واقعہ پیش آیا
کوٹلی (نمائندہ خصوصی)آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں اسکریپ کی ایک دکان میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال کوٹلی منتقل کر دیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچرا چننے والے بچے غلطی سے ایک مائن اٹھا کر اسکریپ دکان پر لے آئے، جو دھماکا خیز مواد ہونے کے باعث اچانک پھٹ گیا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ایل او سی کے قریب بچھائی گئی مائنز برسات یا دریا کے بہاؤ کے باعث نیچے علاقوں میں پہنچ جاتی ہیں، جس سے ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
اہلکاروں کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دھماکے کے مقام پر تفتیشی ٹیمیں نمونے جمع کرنے اور شواہد محفوظ بنانے میں مصروف ہیں۔

