کوچ کی رائے کو سلیکشن میں شامل کرنا ضروری ہے:سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر

پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے اچانک مستعفی ہونے پر سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کا موقف سامنے آیا ہے۔ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے پی سی بی سے اختلافات کے باعث استعفیٰ دے دیا ان کے مستعفی ہونے پر سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کا موقف سامنے آیا ہے۔

ماضی میں پاکستان کرکٹ میں ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھانے والے مکی آرتھر نے گیری کرسٹن کے قبل از مدت استعفیٰ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوچ کی رائے کو سلیکشن میں شامل کرنا ضروری ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ کوچ کے مشورے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ہیڈ کوچ سے بورڈ کو واضح بات کرنی چاہیے اور ہر بات کو کلیئر رکھنا چاہیے۔مکی آرتھر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے والی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے جب کہ گزشتہ سال ایشیا کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران ان کیلئےخصوصی طور پر ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ تخلیق کیا گیا تھا۔

تاہم گرین شرٹس مذکورہ دونوں ایونٹس میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر سکی۔ اس کے بعد جہاں بابر اعظم نے تمام فارمیٹ کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا وہیں کچھ عرصے بعد مکی آرتھر نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گیری کرسٹن کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےعبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں