راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام پر کمنٹیٹر رمیز راجہ کی ٹیسٹ کپتان شان مسعود پر طنزیہ جملے پر پی سی بی نے ایکشن لے لیا۔راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام کے بعد کمنٹیٹر رمیز راجہ کے جیت کے باوجود کپتان شان مسعود پر طنزیہ حملہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکشن لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو خط لکھ کر رمیز راجہ کے رویے سے آگاہ کیا ہے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔خیال رہےکہ رمیز راجہ نے گزشتہ روز جیت کے باجود کپتان شان مسعود سے غیر سنجیدہ گفتگو کی تھی۔ انہوں نے شان مسعود کی بطور کپتان 6 ناکامیوں کا ذکر چھیڑے رکھا اور انگلینڈ کیخلاف بڑے ناموں کو ڈراپ کرنے پر بھی تنقید کی تھی۔
اس رویے پر سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، کرکٹر محمد عامر نے بھی تنقید کی اور کہا کہ کیڑے نکالنے کے بجائے ٹیم کا جہاں کریڈٹ بنتا ہے وہ دینا چاہیے۔واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے اسپنرز کی بہترین بالنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔پاکستان تقریباً ساڑھے 3 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے آخری ہوم ٹیسٹ سیریز جنوری 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔