کھانسی کے دوران 35 سالہ شخص کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی

ران کی ہڈی کا شمار انسانی جسم کی سخت ترین ہڈیوں میں ہوتا ہے اس لیے کسی نے ایسا تصّور بھی نہیں کیا ہوگا کہ یہ ہڈی کھانسی کے دوران ٹوٹ بھی سکتی ہے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، چین کے صوبے فوجیان کے اسپتال میں یہ حیران کن واقعہ سامنے آیا جہاں ایک مریض مسٹر یی نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ انہیں کھانسی کے فوراً بعد شدید درد کا احساس ہونے لگا تھا لیکن انہوں نے اسے معمولی درد سمجھ کر نظر انداز کردیا اور بعد میں درد کی وجہ سے ان کے لیے پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا۔

ڈاکٹرز نے مسٹر یی کی بات سننے کے بعد ان کے کچھ ٹیسٹ کروائے جن کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ مسٹر یی کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

اسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آرتھوپیڈکس کے ڈائریکٹر ڈونگ ژونگ کے مطابق، کھانسی کے دوران مسٹر یی کو فیمر فریکچر ہوا جو کہ عام طور پر سنگین صدمے یا حادثے کے نتیجے میں بڑی عمر کے لوگوں کو ہوسکتا ہے لیکن مسٹر یی کی عمر بھی اتنی زیادہ نہیں ہے کہ انہیں فیمر فریکچر کا سامنا کرنا پڑے۔

ڈاکٹرز کی ٹیم نے مسٹر یی سے ان کی صحت، کھانے پینے کی عادات اور طرز زندگی سے متعلق سوال جواب کیے اور ان کی ہڈی کی کثافت کا ٹیسٹ بھی کروایا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مسٹر یی کی ہڈی کی کثافت ایک 80 سالہ آدمی کی طرح ہے۔

ڈاکٹرز نے مکمل معائنے کے بعد تصدیق کی کہ مسٹر یی ہڈیوں کی کسی بیماری میں مبتلا نہیں لیکن ان کی سوفٹ ڈرنک پینے کی عادت، ناقص خوراک اور ورزش میں کمی کی وجہ سے ان کی ہڈیاں ناقابل یقین حد تک نازک ہوگئی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں