کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت نے فیفا کے فیصلے کیخلاف کینیڈین فٹبال حکام کی اپیل کو مسترد کردیا ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے حریف ٹیم نیوزی لینڈ کی تیاریوں کی جاسوسی کےلیے ڈرون استعمال کرنے پر اولمپکس ویمن فٹبال ایونٹ میں کینیڈا کی ٹیم کے 6 پوائنٹس کاٹے تھے۔
کینیڈا نے فیفا کے فیصلے کیخلاف کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت (سی اے ایس) میں اپیل کی تھی۔ اپیل میں کینیڈین فٹبال حکام نے پوائنٹس کی کٹوتی منسوخ یا سزا میں نرمی کی استدعا کی تھی۔
کھیلوں کی عالمی ثالث عدالت نے 30 جولائی کو معاملے پر سماعت کی جس میں سی اے ایس ایڈہاک پینل نے سماعت کے بعد کینیڈا کی اپیل کو مسترد کردیا۔سی اے ایس کی جانب سے مختصر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جبکہ حتمی فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔