صوبائی وزیر انفارمیشن عظمیٰ بخاری کی صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس
لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26 میں شامل مجوزہ کھیلوں کے منصوبوں اور نوجوانوں کیلئےاقدامات پر روشنی ڈالی۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کھیل و امور نوجوانان کے شعبے کے لیے رواں سال 7.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا اور کھیلوں کے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ برس “کھیلتا پنجاب” پروگرام کے تحت 1.2 لاکھ کھلاڑیوں نے شرکت کی، جب کہ رواں برس اس سلسلے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ ایونٹس کے انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور موجودہ اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی و بہتری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جس میں 6 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ اب فیز ٹو کی جانب بڑھتے ہوئے انٹرنیز کی تعداد 10 ہزار کر دی جائے گی اور وظیفے کی رقم بڑھا کر 60 ہزار روپے ماہانہ کی جا رہی ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار “اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ” قائم کیا گیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کو 30، 50 اور 70 ہزار روپے کے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ “سیلف سسٹیننگ سسٹم” متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ سپورٹس ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔
پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک لاہور کی اپ گریڈیشن، نشستوں کی گنجائش 6,000 سے بڑھا کر 10,000 کی جا رہی ہے جبکہ
نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 80 کروڑ کی لاگت سے 102 کمروں پر مشتمل ہوٹل/ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا۔
انڈور سپورٹس ارینا (ٹیبل ٹینس، اسنوکر، بورڈ گیمز، انڈور روئنگ) کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور میں انٹرنیشنل باکسنگ ایرینا کی بحالی اور بیس بال گراؤنڈ کی تعمیر کی جائیگی۔ ویلوڈروم، سوئمنگ پول، انڈور والی بال کمپلیکس کی تعمیر و بحالی بھی ممکن ہو سکے گی جبکہ لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں پیڈل ٹینس کورٹ کی تعمیر کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان، مریدکے اور نارووال روڈ پر ملٹی پرپز اسپورٹس سہولیات تعمیر کی جائینگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ثقافتی کھیل کبڈی کو دوبارہ زندہ کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیبی روایات سے جوڑا جا سکے۔ آئندہ مالی سال میں مزید منصوبے شامل کیے جائیں گے اور ہر ضلع میں کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا چاہتی ہے۔ ہمارا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں بلکہ اس کے پائیدار اور خودمختار انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کھیلوں کی ترقی اور مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

