بھارتی لیجنڈری اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا کی اسپتال میں داخل ہونے کی اصل وجہ سے ان کے بیٹے لو سنہا نے پردہ ہٹا دیا۔
سوناکشی سنہا کی ظہیر اقبال سے پیپر میرج 23 جون کو ہوئی جس میں ان کے قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
میرج رجسٹریشن کے بعد سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے رات کو ریسیپشن کا انعقاد کیا جس میں شوبز ستاروں سمیت 1000 سے زائد مہمان مدعو تھے۔
شادی کی تقریبات کے بعد سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد اداکارہ کے حاملہ ہونے کی افواہیں چاروں جانب پھیل گئیں۔
بعدازاں یہ خبر سامنے آئی کہ اسپتال میں شتروگھن سنہا داخل ہیں جس کے ساتھ ہی یہ افواہ گردش کرتی دکھیں کہ سوناکشی کی شادی کے سبب سنہا فیملی میں ہونے والی لڑائی کی وجہ سے شتروگھن سنہا کو دل کا دورہ پڑا ہے۔
اس افواہ کے پھیلتے ہی شتروگھن سنہا کے بیٹے لَو سنہا نے پہلے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ کیوں اپنے گھر کی شادی میں شرکت نہیں کریں گے، سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں جھوٹی ہیں اور ان کے لیے ان کی فیملی سب سے پہلے ہے‘۔
لَو سنہا نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ میرے والد کو تیز بخار ہوا تھا اور ہم نے انہیں اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے تھے کہ والد جلد از جلد صحتیاب ہوجائیں اور ان کے کچھ ٹیسٹ بھی کروائے ہیں‘۔
لو سنہا کی جانب سے دیا گیا بیان زیرِگردش افواہوں پر بظاہر فُل اسٹاپ لگا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین کو ابھی بھی شتروگھن کے اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ کچھ اور لگ رہی ہے۔
یاد رہے کہ ’ٹائمز ناؤ‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، مسٹر سنہا 25 جون کو کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کرنے کیلئے جیسے ہی اپنی نشست سے اٹھے وہیں انکا پاؤں قریبی کونے سے ٹکرا گیا اور انکی پسلیوں میں چوٹ آگئی۔