کیف: یوکرین کی جانب سے روس کے اندر لانگ رینج میزائل حملے پر ولادیمیر پیوٹن کے وزیر خارجہ نے مغرب کو تیسری عالمی جنگ پر مبنی ایک سنسنی خیز پیغام دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی جانب سے روس پر امریکی ساختہ میزائل داغے جانے کے بعد پیوٹن کے وزیر خارجہ نے مغرب کو سرد انتباہ جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے اشارہ دیا کہ روس بھرپور ایٹمی جنگ سے جوابی کارروائی کرے گا۔
ولادیمیر پیوٹن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سخت سرد مزاجی سے متنبہ کیا کہ یہ حملہ اشارہ ہے کہ کیف جنگ کو بڑھانا چاہتا ہے، تو روس بھی اب اسی کے مطابق رد عمل ظاہر کرے گا۔ سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دمتری میدیدیف نے X پر اپنی پوسٹ میں تصدیق کی کہ اس کا مطلب ’عالمی جنگ III‘ ہے۔
واضح رہے کہ روس کے یوکرین کے پر حملے کے ٹھیک 1,000 ویں دن پر کیف نے سرحد کے ایک نامعلوم مقام سے روسی علاقے میں 6 عدد ATACM میزائل داغے، جس میں سے ایک میزائل نے 75 میل دور کراچیف میں اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
دوسری طرف ولادیمیر پیوٹن نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق ملکی قوانین میں تبدیلیاں لانے والی ایک پالیسی پر دستخط کر دیے ہیں، تاکہ یوکرین کو لانگ رینج میزائلوں کے استعمال کی اجازت کے مغربی اقدام کے خلاف دفاع کیا جا سکے۔ یہ ترامیم روس کو لانگ رینج میزائلوں جیسے روایتی ہتھیاروں کے حملے کے جواب میں جوہری حملہ کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔