کیلگری: اک شام وارث شاہ کے نام کے حوالے سے شاندار پروگرام کا انعقاد صوفی گلو کار حسنین اکبر کی دلوں کو چھو لینے والی پرفارمنس سے شائقین جھوم اٹھے.
کینیڈا کے شہر کیلگری میں معروف پنجابی شاعر وارث شاہ کی یاد میں ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مشرقی اور مغربی پنجاب سے آئے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت ندیم طفیل نے کی، جبکہ مہمان خصوصی البرٹا کے وزیر برائے امیگریشن و ثقافت، محمد یاسین تھے۔
پاکستان سے آئے صوفی گلوکار حسنین اکبر نے اپنی محصور کن آواز سے حاضرین کا دل جیت لیا، خاص طور پر جب انہوں نے وارث شاہ کی تخلیق “ہیر” پیش کی۔ انہوں نے میاں محمد بخش، بابا بھلے شاہ، اور حضرت سلطان باہو کے کلام بھی گائے، جو حاضرین کے لیے ایک روحانی تجربہ ثابت ہوا۔
صوبائی وزیر محمد یاسین اور ممبر اسمبلی پرمیت سنگھ نے حسنین اکبر کو تعریفی اسناد پیش کیں، جنہیں حاضرین نے سراہا۔ پروگرام کے اختتام پر سپانسرز اور آرگنائزرز کو بھی اعزازات دیے گئے۔
حسنین اکبر نے کینیڈا کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوفیا کا کلام گاکر پنجابی ثقافت کو زندہ رکھ رہے ہیں۔ یہ پروگرام رات گئے تک جاری رہا، اور حاضرین نے بھرپور لطف اندوز ہونے کا موقع پایا۔