کیلگری(نمائندہ خصوصی)کیلگری کے ڈاؤن ٹاؤن میں سالانہ اسٹیمپیڈ پریڈ نے رنگ، جوش اور قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس سال کی پریڈ کی قیادت کینیڈین میوزک لیجنڈ شانیہ ٹوین نے کی، جن کی موجودگی نے پریڈ کو تاریخی اور یادگار بنا دیا۔ ہزاروں شہریوں نے شرکت کی، جن میں کئی نے رات سے ہی اپنی جگہیں سنبھال لی تھیں۔
ہزاروں شہری، کاؤ بوائے ہیٹ، کینیڈین پرچم اور خوشی سے بھرے چہروں کے ساتھ کیلگری اسٹیمپیڈ پریڈ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ اس سال کی پریڈ کو عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شانیہ ٹوین نے پریڈ مارشل کے طور پر لیڈ کیا۔ پریڈ سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا“میں کیلگری میں موجود ہو کر بے حد خوش ہوں۔ میرے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ یہ پریڈ مارشل بننا ایک دیرینہ خواب تھا جو آج پورا ہوا۔”
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ حیران رہ گئیں جب انہوں نے دیکھا کہ لوگ پہلے ہی اپنی کرسیاں، اسنیکس اور سازوسامان کے ساتھ پریڈ دیکھن کیلئےتیار بیٹھے ہیں۔
پریڈ میں شرکت کرنے والے شائقین کی دلچسپی کا یہ عالم تھا کہ کئی افراد جمعرات کی رات 9 بجے سے ہی اپنی جگہیں سنبھال چکے تھے۔ بعض افراد اپنی کیمپنگ وینز اور صوفے ساتھ لائے تاکہ بہترین جگہ حاصل کی جا سکے۔
کوری کولونی اور ان کے اہل خانہ رات 3 بجے تک اپنی کیمپنگ وین میں سوتے رہے اور صبح دوبارہ آ کر پریڈ کا نظارہ کیا۔
اسی طرح کیت اور اینسلی نامی خواتین نے بتایا کہ وہ صبح 5 بجے سے پہلے ہی پہنچ گئیں تاکہ بچوں کو آگے کی صف میں جگہ ملے۔
کیت کاکہناتھا“اگر آپ جلدی نہ آئیں تو پیچھے رہ جاتے ہیں، اور بچے کچھ نہیں دیکھ پاتے۔ لیکن اگر وقت پر آئیں تو بچوں کے لیے یہ ایک زبردست تجربہ بن جاتا ہے۔”
2024 کی پریڈ میں ہالی وڈ اداکار کیون کوسٹنر کی موجودگی نمایاں رہی تھی جبکہ 2025 کی پریڈ میں شانیہ ٹوین مرکزِ نگاہ بن گئیں۔
اگرچہ حتمی شرکت کے اعداد و شمار تاحال جاری نہیں کیے گئےلیکن حکام کا کہنا ہے کہ رش گزشتہ سال کے مقابلے میں بھی زیادہ تھا۔ 2024 میں تقریباً 3.5 لاکھ افراد نے پریڈ میں شرکت کی تھی۔
کیلگری اسٹیمپیڈ پریڈ 2025 نے ایک بار پھر شہریوں کو قومی ثقافت، موسیقی، اور رنگارنگ تفریح کے حسین امتزاج سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔ شانیہ ٹوین کی قیادت اور عوام کی بھرپور شرکت نے اس تقریب کو ایک ناقابلِ فراموش ایونٹ بنا دیا۔

