کیلگری اور ایڈمنٹن کے بیشتر شہری آبادی میں اضافے سے پریشان

کیلگری(نامہ نگار) البرٹا کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے لیکن کیلگری اور ایڈمنٹن کے زیادہ تر شہری اس رفتار سے خوش نہیں ہیں۔ایک تازہ سروے کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ تیز رفتار آبادی میں اضافہ ان کی روزمرہ زندگی پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔

اسٹیٹسٹکس کینیڈا کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2025 تک البرٹا کی آبادی 50 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اور آئندہ 25 سالوں میں مزید 20 لاکھ اضافے کی توقع ہے۔

جینیٹ براؤن اوپینین ریسرچ کے سروے میں بتایا گیا کہ کیلگری کے 64 فیصد اور ایڈمنٹن کے 62 فیصد شہریوں نے کہا کہ ان کے شہروں کی آبادی انتہائی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔اسی سروے کے مطابق کیلگری میں 51 فیصد اور ایڈمنٹن میں 56 فیصد شہریوں نے کہا کہ اس بڑھتی ہوئی آبادی نے ان کی زندگی پر منفی اثرات ڈالے ہیں جیسے کہ صحت کی سہولتوں، رہائش اور پارکنگ کے مسائل۔

جینیٹ براؤن کے مطابق، آبادی میں اضافے پر سب سے زیادہ تشویش 25 سے 45 سال کی عمر کے افراد میں پائی گئی، خاص طور پر ان میں جو مالی دباؤ یا بڑھتی قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

کئی شہریوں نے شکایت کی کہ شہر اب انتہائی بھیڑ بھاڑ والے ہو گئے ہیں، صحت کی سہولتوں میں انتظار کا وقت بڑھ گیا ہے، اور بچوں کیلئےکھیلوں یا تیراکی کی کلاسز حاصل کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق، میئر کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں یہ مسئلہ اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ زیادہ تر امیدواروں کی مہم میں آبادی میں اضافہ اور اس کے اثرات مرکزی نکتہ بن چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں