شہریوں پر بوجھ کم کرنے کیلئےٹیکس میں اضافہ آدھا کرنے کی کوشش ہے:میئر فاکرس
کیلگری (نمائندہ خصوصی) نئی منتخب کیلگری سٹی کونسل نے انتخابات کے بعد اپنے پہلے باقاعدہ اجلاس میں 2026ء کے مجوزہ بجٹ پر تفصیلی غور کیا۔ یہ بجٹ سابق کونسل نے تیار کیا تھا جس میں 4.6 ارب ڈالر آپریشنل اخراجات اور 3.6 ارب ڈالر سرمایہ کاری (کیپیٹل انویسٹمنٹ) کیلئےمختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ میں سستی رہائش کے منصوبے، ڈاؤن ٹاؤن کی سیکیورٹی، پولیس فورس کی فنڈنگ، ٹرانزٹ سروسز میں اضافہ اور کرایوں میں رعایتی پروگرام شامل ہیں۔مجوزہ منصوبے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں 3.6 فیصد مجموعی اضافہ تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت گھریلو صارفین کیلئے 5.4 فیصد اور کمرشل صارفین کیلئے1.3 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس سے ایک عام گھرانے کے بجٹ پر اوسطاً 18 ڈالر ماہانہ اضافی خرچ آئیگا۔
میئر جیرومی فاکرس نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ کیلگری کاروبار اور رہائش دونوں کیلئےسستا شہر بنے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیکس میں اضافہ آدھا کر دیا جائے مگر بنیادی خدمات متاثر نہ ہوں۔”وارڈ 14 کے کونسلر لینڈن جانسٹن نے کہا کہ “کلائمیٹ ایمرجنسی فنڈ پیسے کا ضیاع ہے۔ اس کے خاتمے سے فوری بچت ہوگی، جبکہ پولیس فورس اس وقت شدید فنڈنگ کی ضرورت میں ہے۔”انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات ختم کر کے اہم ترجیحات کو فنڈ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب میئر فاکرس نے واضح کیا کہ چونکہ یہ چار سالہ بجٹ سائیکل کا آخری سال ہے، اسلئےنئی کونسل کے پاس بڑی تبدیلیوں کی گنجائش محدود ہے۔”یہ بجٹ سابق فیصلوں کا نتیجہ ہے، لہٰذا فوری اور بڑے پیمانے پر رد و بدل ممکن نہیں۔”
اسی دوران جاری ہونے والے Fall 2025 سٹی سروے میں 2500شہریوں نے حصہ لیا۔نتائج کے مطابق 71 فیصد نے کہا کہ “کیلگری میں زندگی کا معیار اچھا ہے”،73 فیصد نے شہر کو “رہنے کیلئے بہترین جگہ” قرار دیاجبکہ 68 فیصد نے کہا “یہ روزگار کیلئےبھی موزوں شہر ہے”۔
تاہم شہری اعتماد کی شرح 47 فیصد رہی، جب کہ 24 فیصد شہریوں نے عدم اعتماد کا اظہار کیا۔کونسلر جان پنتازو پولس نے کہا کہ “ہمیں معمولی تفصیلات میں الجھنے کے بجائے عوامی ترجیحات سیکیورٹی، ٹرانزٹ اور ہاؤسنگ پر توجہ دینا ہوگی۔”
سروے کے مطابق انفراسٹرکچر، سڑکیں اور ٹریفک 39 فیصد شہریوں کے نزدیک سب سے بڑا مسئلہ ہیں۔
جرائم، سلامتی اور پولیسنگ کی اہمیت 16 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد ہو گئی، جبکہ بے گھری، غربت اور سستی رہائش 19 فیصد شہریوں کی اولین ترجیح رہی۔
ماہرین کے مطابق کیلگری کی نئی کونسل کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ عوامی دباؤ کے باوجود ٹیکس میں کمی اور شہری سہولیات برقرار رکھنے کے درمیان توازن قائم کرے جو سیاسی طور پر مقبول مگر مالی اعتبار سے نہایت پیچیدہ فیصلہ ہوگا۔

