کیلگری(نامہ نگار)کیلگری کی بلدیاتی انتخابات سے قبل تازہ ترین سروے کے مطابق آزاد امیدوار جیرومی فارکس 16 فیصد ووٹ حاصل کر کے سب سے آگے ہیں، موجودہ میئر جیوتی گوندیک 14 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سونیا شارپ 11 فیصد ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سروے کے مطابق سابق سٹی کونسلر جیف ڈیوسن کو 8 فیصد اور کیلگری پارٹی کے لیڈر برائن تھیسن کو 4 فیصد حمایت حاصل ہے۔ دستبردار امیدوار جیفری کلاوسن کو 3 فیصد ووٹ ملے اور انہوں نے کسی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا۔
سروے میں ظاہر ہوا کہ 35 فیصد ووٹرز نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ کس کو ووٹ دیں گے، جو پچھلے پول کے 45 فیصد سے کم ہے۔ پول کے مطابق 56 فیصد ووٹرز “یقینی طور پر” ووٹ ڈالیں گے، جبکہ 17 فیصد “شاید ووٹ ڈالیں گے” — جس سے ممکنہ ووٹنگ شرح 72 فیصد بنتی ہے۔
مارک ہنری کے مطابق مقابلہ اب تین امیدواروں کے درمیان ہے، لیکن میئر گوندیک کی حمایت میں کمی آئی ہے کیونکہ دو تہائی ووٹر ان سے ناخوش ہیں۔
انتخابی دستاویزات کے مطابق مارک ہنری نے کمیونٹیز فرسٹ پارٹی کو $1,000 اور سونیا شارپ کی مہم کو $5,000 عطیہ کیا۔ شہریوں کے مطابق سب سے اہم مسائل ٹیکسوں میں کمی، سرکاری اخراجات میں کمی اور ڈاؤن ٹاؤن میں سلامتی بڑھانا ہیں۔ آدھے سے زیادہ شہری سمجھتے ہیں کہ شہر “غلط سمت” میں جا رہا ہے، جبکہ 36 فیصد کا ماننا ہے کہ شہر “صحیح سمت” میں بڑھ رہا ہے۔
کیلگری میں ووٹنگ 20 اکتوبر کو ہوگی، ابتدائی ووٹنگ 6 اکتوبر سے شروع ہو گی۔

