کیلگری: کرینوں سے 10 دن میں ماڈیولر ہاؤسنگ منصوبہ، 84 تیار شدہ فلیٹس نصب

کیلگری (نامہ نگار) — کیلگری کے قلب میں واقع نویں اسٹریٹ اور چھٹی ایونیو کے سنگم پر اٹین ایبل ہومز کیلگری کے ماڈیولر ہاؤسنگ منصوبے کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس جدید منصوبے میں ATCO اسٹرکچرز کے تعاون سے صرف 10 دن میں 84 تیار شدہ اسٹوڈیو اپارٹمنٹس کرینوں کے ذریعے نصب کیے جا رہے ہیں۔

ہر ماڈیول میں دو اسٹوڈیو یونٹس شامل ہیں، جن میں فریج، چولہا، واشنگ مشین، اور ڈرائیر جیسی تمام بنیادی سہولیات پہلے سے نصب ہیں۔ یہ تمام ماڈیولز ATCO کی کیلگری میں واقع فیکٹری میں صرف تین ماہ میں تیار کیے گئے۔

اٹین ایبل ہومز کیلگری کے سی ای او جیدن ٹیٹ نے کہا”روایتی تعمیرات کے مقابلے میں ماڈیولر عمارتوں کی تنصیب نہ صرف تیز اور کم خرچ ہے بلکہ یہ شہری رہائش کے بڑھتے ہوئے مسائل کا ایک عملی اور پائیدار حل ہے۔”ان کے مطابق یہ مکمل عمارت چند ماہ میں تیار ہو رہی ہے، جب کہ اسی سائز کی روایتی عمارت کی تعمیر میں عام طور پر دو سال لگتے ہیں۔

منصوبے کی تکمیل: دسمبر 2025 تک متوقع
رہائش کی دستیابی: یکم جنوری 2026 سے
کرایہ: فی اسٹوڈیو یونٹ ماہانہ $1,100 سے کم

ہدف گروپ: درمیانی آمدنی والے افراد، جن کی سالانہ آمدنی 44000ڈالرسے 50000ڈالر کے درمیان ہو

ATCO اسٹرکچرز کے صدر ایڈم بیٹی نے اس موقع پر کہا”اگرچہ منصوبے کی رفتار تیز ہے، مگر ہر پہلو میں معیار اور حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔”یہ منصوبہ کیلگری میں جاری رہائشی بحران کا ایک ممکنہ حل سمجھا جا رہا ہے اور ماڈیولر ہاؤسنگ کی دنیا میں ایک قابلِ تقلید ماڈل کے طور پر ابھر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں