کیلیفورنیا (ایجنسیاں) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے پہاڑی سلسلے سیرالیون نیواڈا میں منگل کو آنیوالے ہولناک برفانی توداگرنے کے نتیجے میں 16 افراد پر مشتمل گروپ متاثر ہوا، جس میں 4 اسکی گائیڈز اور 12 سیاح شامل تھے۔
مقامی حکام کے مطابق لیک ٹاہو کے قریب کیسل پیک کے علاقے میں شدید برف باری کے دوران گروپ برفانی ملبے تلے دب گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 افراد محفوظ حالت میں ریسکیو ہو گئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں، جبکہ 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اگر ان کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی تو یہ حادثہ امریکی تاریخ کے مہلک ترین برفانی تودوں میں شمار ہوگا۔
مقامی شیرف آفس نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم شدید موسم اور مزید برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باعث کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گیون نیوزوم، گورنر کیلیفورنیا، نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن کی ہدایت کر دی ہے۔ امدادی اہلکار اور ہیلی کاپٹر مسلسل متاثرہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں محفوظ کی جا سکیں۔

