کیلیگری (سی بی سی نیوز)پولیس نے ایک 59 سالہ خاتون پر مجرمانہ غفلت (Criminal Negligence) کا الزام عائد کیا ہے، جب گزشتہ ہفتے شہر کے مینچسٹر انڈسٹریل ایریا میں خطرناک کیمیائی مواد برآمد ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مواد میں پکرک ایسڈ (Picric Acid) شامل تھا، جسے ٹرانسپورٹ کینیڈا دنیا کے سب سے خطرناک لیبارٹری کیمیکلز میں شمار کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 26 اگست 2025 کو پولیس اور کیلیگری فائر ڈیپارٹمنٹ کو فرسٹ اسٹریٹ ایس ڈبلیو کے 4700 بلاک میں واقع ایک کاروباری ادارے میں مشکوک پیکیج ملنے کی اطلاع ملی۔ اگلے روز ماہرین نے اس مواد کو عوامی تحفظ کے خطرے کے باعث قابو پانے کے لیے کنٹرولڈ دھماکوں کے ذریعے ضائع کیا۔ اس دوران چار بلاکس پر محیط علاقے کو خالی کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ پیکیج ایک مقامی موونگ کمپنی کو منتقل کیا گیا تھا، مگر غلط لیبلنگ کے باعث یہ مواد تقریباً 10 دن تک وہاں پڑا رہا اور اس دوران غیر مستحکم ہوگیا۔ پولیس نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ یہ مواد ترسیل کے دوران نہیں پھٹا۔
پکرک ایسڈ کا استعمال زیادہ تر دھماکہ خیز مواد اور رنگ بنانے میں ہوتا ہے، اور یہ بلند درجہ حرارت یا جھٹکوں کی وجہ سے اچانک دھماکے سے پھٹ سکتا ہے۔کیس کی تحقیقات کرنے والے اسٹاف سارجنٹ رے کیلی نے کہا”ہم نہیں سمجھتے کہ عوام کو نقصان پہنچانے کا ارادہ تھا، تاہم اس مواد سے متعلق فیصلوں نے براہِ راست کمیونٹی اور ایمرجنسی اہلکاروں کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ جس کمپنی نے موونگ کمپنی کو پیکیج دینے کا فیصلہ کیا، اس کی صدر کرسٹین ٹیشل (Christine Teschl) کو مواد کی حقیقت معلوم تھی لیکن انہوں نے یہ معلومات آگے نہیں پہنچائیں۔
ٹیشل پر عوامی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق کریمنل کوڈ کی دفعہ کے تحت ایک الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ البرٹا آکیوپیشنل ہیلتھ اینڈ سیفٹی بھی ان سے تفتیش کر رہی ہے۔کرسٹین ٹیشل کی عدالت میں پہلی پیشی 8 اکتوبر کو ہوگی۔

