کینسر سے لڑتے بھارتی اداکار پنکج دھیر68سال کی عمرمیں چل بسے

ممبئی( این ڈی ٹی وی) معروف بھارتی اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر پنکج دھیر 68 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد 15 اکتوبر کو چل بسے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پنکج دھیر کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور علاج جاری تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی آخری رسومات اسی روز ممبئی میں ادا کی گئیں۔

اداکار کی آخری رسومات میں سلمان خان، ارباز خان، سدھارتھ ملہوترا سمیت متعدد فلمی شخصیات نے شرکت کی اور آنجہانی اداکار کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پنکج دھیر نے 1980 کی دہائی میں ٹیلی وژن سے فنی سفر کا آغاز کیا۔ وہ بھارتی ٹی وی کے کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کر چکے ہیں اور مختلف زبانوں کے ڈراموں میں بھی نظر آئے۔

انہوں نے متعدد ہندی فلموں میں ولن اور معاون کردار ادا کیے اور فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ سنجے دت، سلمان خان، شاہ رخ خان اور بوبی دیول جیسے معروف اداکاروں کے ساتھ بھی کام کر چکے تھے۔

اداکار نے فلموں کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ ان کی اہلیہ، بیٹا اور بہو بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور مختلف ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں