بریمپٹن ( اشرف لودھی سے) بچوں اور خصوصی افراد میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کرنے والے معروف برطانوی خیراتی ادارے لارڈز ٹیورنرز اور کینیڈا کی سٹی آف بریمٹن کے مابین کرکٹ کے فروغ کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔ سیو میکس سپورٹس سنٹر بریمٹن میں ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں ٹورنٹو میں برطانیہ کی قونصل جنرل فوزیہ یونس، بریمٹن کے میئر پیٹرک براؤن اور گلوبل ٹی ٹونٹی کے منتظمین سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فوزیہ یونس کا کہنا تھا کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے کینیڈا میں کرکٹ کا فروغ دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے۔بریمٹن کینیڈا میں کرکٹ کا بڑا سنٹر ہے مجھے امید ہے کہ یہاں سے جو کھلاڑی سامنے آئیں گے وہ نہ صرف پورے ملک بلکہ دنیا بھر میں کینیڈا کا نام روشن کریں گے۔ فوزیہ یونس نے کہا کہ کرکٹ ہر رنگ و نسل کے لوگوں کوبلا امتیاز آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے، لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی کرکٹ کھیلتا دیکھ کرمجھے بے انتہا خوشی ہوئی امید ہے کہ وہ بھی مستقبل اس کھیل میں اپنے ملک کا نام روشن کریں گی۔انہوں نے بریمٹن میں کرکٹ کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور برطانوی حکومت کی جانب سے بچوں میں کرکٹ کٹس بھی تقسیم کیں۔ کینیڈا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایرن جونسن کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی سے بریمٹن سمیت پورے کینیڈا میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہورہا ہے جس کا اندازہ بچوں کی بڑی تعداد کا اس کھیل کی جانب راغب ہونا ہے.
مستقبل میں کینیڈا کا شمار دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیموں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹرز بننے کے خواہش مند بچوں کو یہ پیغا م دینا چاہتا ہوں کہ محنت کریں اور کھیل کی سپرٹ اور اس سے وابستہ لوگوں کا احترام کریں۔ بریمٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ برطانوی دوستوں کی جانب سے بچوں کیلئے کرکٹ کٹس کی فراہمی پر بے حد مشکور ہیں ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کے شوقین ہر بچے کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کریں اس طرح کی سپورٹ سے ہمیں اپنے مقاصد پورے کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلوبل ٹی ٹونٹی کے انعقاد سے کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ میں بے حد ملی ہے امید ہے کہ مستقبل میں بریمٹن سے مزید کھلاڑی کینیڈین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔بریمٹن کے کونسلر روڈ پاور کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون فراہم کرنے پر برطانوی قونصل جنرل فوزیہ یونس کے بے حد مشکور ہیں، بریمٹن کو کینیڈا میں ہوم آف کرکٹ کا درجہ حاصل ہے مستقبل میں جی ٹونٹی جیسے مزید ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔گلوبل ٹی ٹونٹی کے چیف آرگنائزرکرن سنگھ کا کہنا تھا گزشتہ سات سال سے کامیابی کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کررہے ہیں آغاز میں ہمیں اس ایونٹ کے اتنا کامیاب ہونے کی امید نہیں تھی لیکن آج دنیا ئے کرکٹ کے بڑے بڑے سٹار اس لیگ میں کھیل رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہر سال ٹورنامنٹ میں جدت لائیں اورمزید اچھے کھلاڑی شامل کریں۔ کرن سنگھ نے کہا کہ ہم کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ پر بھی کام کررہے ہیں مجھے خوشی ہے کہ دو روز قبل مقامی کھلاڑی دلجیت سنگھ باجوہ نے جی ٹی ٹونٹی کی پہلی سنچری سکور کی جو کینیڈا میں کرکٹ کی ڈویلپمنٹ میں جی ٹی ٹونٹی کے کردار کی بہتری عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آئندہ سیزن میں شائقین کرکٹ کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے پر کام جاری ہے جبکہ نئے کھلاڑیوں کو بھی ایکشن میں دیکھنے کاموقع ملے گا۔