کینیڈا بھر میں پولیس اور امن افسران کو خراجِ تحسین، قومی یادگاری دن منایا گیا

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)قومی پولیس اور امن افسران کا یادگاری دن منایا گیا، جس کے تحت اوٹاوا کے پارلیمنٹ ہل سمیت پورے ملک میں تقریبات ہوئیں۔ وِنِی پَیگ کے میموریل پارک میں آر سی ایم پی، وِنِی پَیگ پولیس سروس (WPS) اور دیگر امن افسران یادگاری مقامات پر جمع ہوئے۔

وِنِی پَیگ پولیس چیف اسکاٹ ہیلی نے کہا “آج کا دن ہمارے اس عہد کی مثال ہے کہ ہم ان سب کو یاد رکھیں گے جنہوں نے مانیتوبا اور کینیڈا کے عوام کی حفاظت اور سلامتی کیلئے اپنی جان قربان کی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اپنی اس یادگار کے سامنے کھڑے ہیں جو ان 68 پولیس اور امن افسران کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جو ڈیوٹی کے دوران شہید ہوئے۔ یہ یاد دہانی ہے کہ ہمارے افسران روزانہ کن خطرات کا سامنا کرتے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔تقریب میں صوبائی و بلدیاتی نمائندوں، امن افسران، شہداء کے اہل خانہ اور دوستوں سمیت تقریباً 100 افراد نے شرکت کی۔

وِنِی پَیگ کے میئر اسکاٹ گلنگھم نے کہا “ہم جن افسران کو یاد کر رہے ہیں، وہ اپنے ذاتی مفاد سے بڑھ کر کسی بڑی چیز کیلئےکھڑے ہوئے۔ انہوں نے اپنی زندگیاں کمیونٹیز کی حفاظت کے لیے وقف کیں اور دوسروں کی سلامتی کیلئے اپنی جان قربان کی۔”

ہیلی نے کہا کہ جب ہم اجتماعی طور پر سوگ مناتے ہیں اور اپنے ساتھیوں کو یاد کرتے ہیں تو یہ نہیں بھول سکتے کہ وہ کسی کے بیٹے، بیٹی، بھائی یا بہن تھے۔ وقت شاید دکھ کو کم کرے، مگر یہ غم اور کمی ہمیشہ ان کے خاندانوں اور آنے والی نسلوں کے ساتھ رہے گی۔

تقریب کا اختتام ان تمام شہداء کے نام پڑھ کر کیا گیا جنہوں نے اپنی جان قربان کی۔ ہیلی نے کہا: “ہم یہ ہر سال اسی دن اور اسی یادگار پر کرتے ہیں کیونکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں یاد رکھیں اور ان کے ورثے کو عزت دیں۔ ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارے آج کیلئےانہوں نے اپنا کل قربان کر دیا۔”

اپنا تبصرہ لکھیں