ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں)کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) نے جنوبی اونٹاریو میں واقع متعدد بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر تین روزہ کارروائی کے دوران امریکی شہریوں سے 12 آتشیں ہتھیار، 18 میگزینز اور 254 گولیاں برآمد کرلیں۔ یہ کارروائیاں 11 سے 14 جولائی کے دوران کی گئیں۔
حکام کے مطابق یہ خلاف ورزیاں نیاگرا فالس کے کوئنسٹن برج، فورٹ ایری میں پیس برج، ونسر میں ایمبیسیڈر برج، پوائنٹ ایڈورڈ کے بلیو واٹر برج اور ونسر-ڈیٹرائٹ ٹنل پر رپورٹ ہوئیں۔ ان واقعات کے نتیجے میں 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 15 ہزار ڈالر سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
سی بی ایس اے نے ایک 41 سالہ خاتون، جو کہ امریکی ریاست الی نوائے سے تعلق رکھتی ہے پر کسٹمز ایکٹ کے تحت الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
کینیڈین قانون کے مطابق، کینیڈا میں داخل ہونے والے افراد کو اگر اپنے ہمراہ اسلحہ ہو تو اس کی مکمل تفصیلات بارڈر افسران کو فراہم کرنا لازمی ہوتا ہے۔ سی بی ایس اے کے مطابق، شکار، مقابلے یا دور دراز علاقوں میں جنگلی جانوروں سے بچاؤ جیسے وجوہات اسلحہ لانے کیلئے قابل قبول ہوسکتی ہیں، تاہم اسلحہ لائسنس اور رجسٹریشن کا ہونا بھی لازم ہے۔
“اگر کوئی شخص اپنے ساتھ اسلحہ ہونے کا اعلان نہ کرے یا جھوٹ بولے، تو CBSA اسلحہ ضبط کر سکتی ہے اور فوجداری مقدمات یا مالیاتی سزائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔”بارڈر ایجنسی نے تمام مسافروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کینیڈا میں داخلے سے قبل اپنی قانونی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

