لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے کینیڈا بیسڈ کمپنی ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے وفد نے ملاقات کی۔وفدکی قیادت چئیرمن گروپ رانا محمد تنویر کر رہے تھے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں اگلے سال جولائی میں کینیڈا میں ہونے والے ورلڈ ٹریڈ فیئر پر بات چیت ہوئی۔
وفد کے سربراہ نے صوبائی وزیر کو ورلڈ ٹریڈ فیئر میں شرکت کی دعوت دی۔ورلڈٹریڈ فیئر میں دنیا بھر سے 6000بزنس مین اور کمپنیاں شرکت کریں گی اور یہ ورلڈ ٹریڈ فیئر دونوں ممالک کے مابین نیٹ ورکنگ،بزنس میچ میکنگ اور بی ٹو بی میٹنگز میں معاون ثابت ہو گا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں ورلڈ ٹریڈ فیئر کا انعقاد خوش آئند اقدام ہوگا اور ورلڈ ٹریڈ فیئر کے انعقاد سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے صوبائی وزیر نے بتایا کہ سولرانرجی،الیکٹرک وہیکلز،جدید زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹر کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے اور پنجاب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں کینیڈا کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے عوام کی سطح کے رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب اگلے سال کینیڈا میں ہونے والے ورلڈ ٹریڈ فیئر میں شرکت کرے گا۔وفد میں ساجد ملک،ملک منظور حسین اور راؤ امجد اقبال شامل تھے۔ ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔