کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سفیر محمد سلیم نے اپنی اسنادِ سفارت کینیڈا کی گورنر جنرل اور کمانڈر ان چیف محترمہ میری جے می سائمن کو پیش کردیں۔
تقریب تاریخی رائیڈو ہال اٹاوہ میں منعقد ہوئی، جس میں ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار، ٹورنٹو کے قونصل جنرل, مونٹریال کے قونصل جنرل اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر نے شرکت کی۔یہ موقع پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
گورنر جنرل کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران، سفیر محمد سلیم نے صدرِ پاکستان, وزیرِاعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے کینیڈین قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کی ایک مضبوط بنیاد اور شاندار وراثت ہے، جو دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم ہے۔سفیر محمد سلیم نے پاکستان اورکینیڈا تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ ترجیحات پر مزید تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا۔
تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہاکہ”مجھے کینیڈا میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ایک ایسا ملک جس کے ساتھ ہمارے گہرے عوامی تعلقات اور مشترکہ مفادات ہیں۔ میں کینیڈین حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ اقتصادی سفارتکاری پر خصوصی توجہ کے ساتھ ایک مضبوط اور بامعنی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہائی کمیشن اور تینوں قونصلیٹ دوطرفہ روابط کو فعال مکالمے، کاروباری تعلقات اور ثقافتی سفارتکاری کے ذریعے فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ہائی کمشنر نے پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کے ساتھ رابطے کے عزم کا اظہار بھی کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔