کیوبیک (نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں پیسے بچانے کی کوشش ایک کرایہ دار کو مہنگی پڑ گئی، جب اس نے ہیٹنگ بند کر دی اور شدید سردی کے باعث اس کا اپارٹمنٹ حقیقی زندگی کا برفانی قلعہ بن گیا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق صوبہ کیوبیک میں ایک عمارت کے مالک نے اپنے ایک یونٹ کو موٹی برف میں لپٹا ہوا پایا، جہاں شدید سردی کے باعث پانی کی لائنیں پھٹ گئیں اور اپارٹمنٹ کے اندر ہر چیز جم کر برف بن گئی۔ واقعہ کیوبیک کے شہر تروئس ریویئرز میں پیش آیا۔
اپارٹمنٹ کے مالک جیکس نالٹ نے بتایا کہ جب وہ اپنے فلیٹ میں داخل ہوا تو ایسا محسوس ہوا جیسے کسی برفانی محل میں آ گیا ہو۔ دیواریں، چھت، فرنیچر اور گھریلو آلات ایک فٹ موٹی برف سے ڈھکے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ایک کرایہ دار کی کفایت شعاری کا نتیجہ تھی، جس نے چھٹیوں پر جانے سے قبل ہیٹنگ بند کر دی۔ منفی درجہ حرارت کے باعث پانی کی لائنیں پھٹ گئیں، اپارٹمنٹ میں ہر طرف پانی پھیل گیا اور بعد ازاں سب کچھ جم کر برف بن گیا، جس سے ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا۔
جیکس نالٹ کے مطابق چھتوں، دیواروں اور دیگر حصوں میں پانی بھر چکا ہے، اب اپارٹمنٹ کو مکمل طور پر خالی کر کے خشک کیا جائے گا اور انشورنس کی رقم کے مطابق دوبارہ تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سنگین غلطی پر متعلقہ کرایہ دار کو اپارٹمنٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

