کینیڈا میں 2025 کی پرائڈ پریڈز کا جشن، لوگوں کے یکساں حقوق اورثقافت کا پیغام

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے مختلف شہروں میں پرائڈ پریڈ 2025 کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں، جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے انسانی حقوق، مساوات، اور تنوع کے پیغام کو اجاگر کیا۔ ٹورنٹو، مونٹریال، وینکوور، اٹاوا، کیلگری اور دیگر شہروں میں فیسٹیولز، جلوسوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو میں پرائڈ مہینہ 26 جون سے 29 جون تک جاری رہا، جس میں 100 سے زائد تقاریب منعقد ہوئیں، جن میں فیملی پرائڈ، ڈریگ شو، اسٹریٹ فیئر، اور روف ٹاپ ڈانس پارٹیاں شامل تھیں۔ مرکزی جلوس 29 جون کو چرچ اسٹریٹ سے نکالا گیا جس میں 25,000 سے زائد شرکاء اور 250 سے زائد تنظیموں نے شرکت کی۔

مونٹریال میں “فیرٹے مونٹریال” فیسٹیول 31 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ مرکزی جلوس 10 اگست کو منعقد ہوگا۔ اس سال کا تھیم “Blossom Here, Now” رکھا گیا ہے جو ماحولیاتی تحفظ اور 2SLGBTQIA+ برادری کی ترقی کا عکاس ہے۔

وینکوور میں پرائڈ پریڈ 3 اگست کو ہوگی جبکہ فیسٹیول کی تقریبات اگست کے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائیں گی۔

اٹاوا میں “کیپیٹل پرائڈ” کے عنوان سے تقریبات 23 سے 24 اگست تک جاری رہیں گی، جن کا اختتام 24 اگست کو مرکزی جلوس کے ساتھ ہوگا۔

ہیلی فیکس میں پرائڈ پریڈ 19 جولائی کو، جبکہ کیلگری میں 31 اگست کو منعقد کی جائے گی۔

تقریبات کے منتظمین نے اس سال کا نعرہ “Pride is a Protest” مقرر کیا تاکہ دنیا کو یہ باور کروایا جا سکے کہ پرائڈ صرف جشن نہیں بلکہ حقوق، مساوات اور شناخت کی جدوجہد کا نام ہے۔ خصوصی طور پر ٹرانس جینڈر برادری کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا گیا۔

کینیڈا بھر میں ہونے والی پرائڈ تقریبات نہ صرف ثقافتی رنگا رنگی اور فنکارانہ اظہار کا مظہر بنیں بلکہ انہوں نے معاشرتی شمولیت، احترام، اور برابری کے عالمی اصولوں کو مضبوط پیغام کے ساتھ اجاگر کیا۔ کینیڈین معاشرہ دنیا کے سامنے کھڑا ہے کہ وہ ہر شناخت کے افراد کے ساتھ محبت اور یکجہتی سے جینے کا عزم رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں