بری، گریٹر مانچسٹر (نمائندہ خصوصی)۔ گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری میں ایک 19 سالہ پاکستانی نژاد نوجوان چاقو کے حملے میں جاں بحق ہو گیا۔ افسوسناک واقعہ جمعہ کی شب یکم اگست رات 9 بجے کے قریب پاور لیگ فٹبال کمپلیکس کی کار پارکنگ میں پیش آیا جو کہ بری کالج کے قریب واقع ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہدف بنا کر کیا گیا حملہ تھا، جس کے نتیجے میں متاثرہ نوجوان کو کئی بار چاقو مارا گیا، اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جائے وقوعہ پر پولیس اور فرانزک ماہرین نے ہفتے کے روز تفتیش کا آغاز کیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم واقعے کی تحقیقات کیلئے میجر انسیڈنٹ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مکمل چھان بین کر رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بظاہر کسی پرانی دشمنی یا ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور اس وقت عوام کیلئے کسی وسیع خطرے کا اندیشہ نہیں۔
میجر انسیڈنٹ ٹیم کے ڈٹیکٹیو چیف انسپکٹر جان چارلٹن نے ایک بیان میں کہا”ہماری تمام ہمدردیاں مقتول کے اہل خانہ اور قریبی افراد کے ساتھ ہیں۔ ہمارے تربیت یافتہ افسران متاثرہ خاندان کی معاونت کر رہے ہیں۔ ” انہوں نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنا دیا گیا ہےاور تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
تاحال مقتول نوجوان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس واقعے کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

