برامپٹن( اشرف لودھی سے ) گلوبل ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی برامپٹن میں ہوئی۔ تقریب میں قومی ٹیم کے سٹار کھلاڑی افتخار احمد سمیت دیگر کپتانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ شہر میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ چار سال میں مکمل ہوگا۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ برامپٹن شہر کرکٹ کے چاہنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور ہم کرکٹ شائقین کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔پیٹرک براؤن جو پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں، نے کہا کہ برامپٹن میں مجوزہ کرکٹ سٹیڈیم شمالی امریکا میں سب سے بڑا اسٹیڈیم ہو گا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق ہو گا۔برامپٹن میں 25 جولائی سے 11 اگست تک جی ٹی 20 کے میچز ہو رہے ہیں۔

