گلگت بلتستان: برفانی تودے کی زد میں آ کر پاک فوج کے دو جوان اور ایک شہری شہید

گلگت بلتستان (آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہفتے کے روز گلگت بلتستان کے برزل پاس میں برفانی تودے کی زد میں آ کر پاک فوج کے دو اہلکار اور ایک شہری مشین آپریٹر شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق برف صاف کرنے کا آپریشن کیپٹن اسمد گلفام کی قیادت میں جمعہ 2 جنوری کی رات شروع کیا گیا جو ہفتے کی صبح تک جاری رہا، تاکہ علاقے میں فوجی نقل و حرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ 3 جنوری 2026 کو رات تقریباً دو بجے، دورانِ آپریشن اچانک برفانی تودہ گرنے سے 28 سالہ کیپٹن اسمد گلفام (لاہور)، 32 سالہ سپاہی رضوان (اٹک) اور ایک شہری مشین آپریٹر عیسیٰ (استور) برف تلے دب گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چار افراد کو برف سے زندہ نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن اسمد گلفام، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ جانبر نہ ہو سکے اور شہید ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہداء نے انتہائی خراب موسمی حالات میں ایک مشکل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے افواج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کی قربانی اور فرض شناسی اس عزم کی عکاس ہے کہ پاک فوج کے افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع اور فرائض کی ادائیگی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔