گلگت بلتستان: سیلابی ریلے میں نجی چینل کی اینکر شوہر اور 3 بچوں سمیت بہہ گئیں

بابوسر، گلگت بلتستان ( نمائندہ خصوصی)ترجمان حکومت گلگت بلتستان نے تصدیق کی ہے کہ خیبر نیوز کی اینکر شبانہ لیاقت اپنے شوہر اور تین بچوں سمیت شاہراہ بابوسر پر سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ اس سانحے میں مجموعی طور پر 15 سیاحوں کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے اب تک 7 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ نے بتایا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں بابوسر ٹاپ کے قریب آنے والے سیلابی ریلے نے متعدد سیاحوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ متاثرین میں خیبر نیوز کی معروف اینکر شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت اور تین بچے بھی شامل ہیں۔

شبانہ لیاقت اور ان کے خاندان کے لاپتا ہونے کی اطلاع لیاقت کے اہل خانہ کی جانب سے دی گئی، جس پر فوری طور پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، سیلابی ریلے میں 10 سے 15 سیاح بہہ گئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اب تک 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سرچ آپریشن میں سراغ رساں کتوں اور ڈرون کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں دیامر پولیس، ضلعی انتظامیہ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA)، ریسکیو 1122، پاک فوج، اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے اہلکار شریک ہیں۔

گلگت بلتستان میں حالیہ دنوں شدید بارشوں اور سیلابی صورتِ حال نے سیاحت پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں